190ملین پائونڈکیس:اپیلیں مقرر،سزامعطلی درخواستیں غیرموثرقرار
سزا معطلی کی درخواستیں سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق نمٹا رہے ، اسلام آبادہائیکورٹ بشریٰ بی بی معالج تک رسائی، فیملی ملاقات پر سپرنٹنڈنٹ جیل کو2روز میں فیصلے کا حکم
اسلام آباد (رضوان قاضی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزامعطلی کی درخواستیں پہلے سننے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مرکزی اپیلیں7 مئی کو سماعت کیلئے مقرر کردیں۔چیف جسٹس سردار سرفرازڈوگر کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے محفوظ فیصلہ سنادیا، عدالت نے مرکزی اپیلیں سننے کے باعث سزا معطلی کی درخواستیں غیر موثر قرار دے دیں۔ چیف جسٹس سرفرازڈوگر کی سربراہی میں ڈویژن بینچ 7 مئی کو اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں نمٹانے کا الگ الگ تحریری حکمنامہ بھی جاری کردیا۔
چیف جسٹس سردارسرفراز ڈوگر اور جسٹس آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ کی جانب سے جاری تین تین صفحات پر مشتمل تحریری آرڈرمیں کہاگیاکہ وکیل نے سزا معطلی کی درخواستوں پر پہلے فیصلہ کرنے پر بہت زور دیا،مرکزی اپیلیں چونکہ مقرر ہو چکیں اس لیے سزا معطلی کی درخواستوں پر آج ہی فیصلہ کر رہے ،بانی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق نمٹا رہے ہیں،کسی بھی فریق کے ساتھ ناانصافی نہ ہو، سزا معطلی کی درخواستیں نمٹائی جاتی ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بشریٰ بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی اور فیملی ملاقات سے متعلق درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 2 روز میں بشریٰ بی بی کی بیٹی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا سپرنٹنڈنٹ وجوہات کے ساتھ آرڈر پاس کریں گے۔
عدالت نے 6 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے ، عدالت نے استفسار کیاکہ کیا آپ نے اڈیالہ جیل حکام کو درخواست دی ؟ سلمان اکرم نے اڈیالہ جیل حکام کو دی گئی درخواست کی کاپی پیش کی اور کہا 16 اور 17 اپریل کی درمیانی رات بشریٰ بی بی کی سرجری ہوئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا ہمیں پتہ ہے سب سوشل میڈیا پر بھی موجود ہے ، درخواست اسی لئے جیل حکام کو بھیج رہے تاکہ وہ فیصلہ کریں،عدالت نے سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔
فاضل عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیا اور سلمان اکرم راجہ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس میں جیل حکام سے جواب طلب کرلیا۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا جیل حکام نے ابھی تک میرا وکالت نامہ دستخط کرا کے نہیں دیا،ہم اس کیس کو بغیر پیروی نہیں چھوڑنا چاہتے ، بانی کا ذاتی ایکس اکاؤنٹ ہے ۔ جسٹس ارباب طاہر نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس کر کے جواب مانگ لیتے ہیں ۔ عدالت نے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔