حکومتی ٹرانسپورٹ پر1ماہ میں 4کروڑ شہریوں کا مفت سفر
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے شروع مفت سفری سہولت نے ریکارڈ قائم کر دیا۔ 4 اپریل سے 4مئی تک صوبہ بھر میں ماس ٹرانزٹ سسٹم، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں میں تقریباً 4کروڑ مسافروں نے بلا معاوضہ سفر کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سروس رہی، جہاں 1 ماہ کے دوران 1 کروڑ سے زائد شہریوں نے سفر کیا۔ لاہور میٹرو بس سروس سے تقریباً 64 لاکھ سے زائد افراد ،سپیڈو بسز سے 45 لاکھ سے زائد مسافروں کو مفت سہولت فراہم کی گئی۔ اسی طرح گرین الیکٹرک بسوں میں بھی جہاں 6 لاکھ سے زائد افراد نے سفر کیا۔ راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بسوں سے تقریباً 9 لاکھ 25 ہزار ، میٹرو بس سے 37 لاکھ ،ملتان میں میٹرو بس سسٹم سے ساڑھے 30 لاکھ جبکہ فیڈر روٹس پر تقریباً پونے 7 لاکھ افراد نے سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے زیر انتظام مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں میں بھی 90 لاکھ سے زائد مسافروں نے مفت سفر کیا۔وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے تقریباً 4 کروڑشہریوں کو کامیابی سے مفت سفری سہولت فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسر وں کو ہدایت کی کہ مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ، شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ،غیر معمولی رش کے باوجود سروسز کو بغیر کسی تعطل کے جاری رکھنا بڑا چیلنج تھا، جسے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔