اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے

اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے پاکستان کے دورے پر آئے قاضی القضا فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش اور مفتی اعظم الشیخ محمد احمد حسین نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔

 ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ملاقات میں کوآرڈی نیٹر وزیراعظم حافظ طاہر محمود اشرفی، ایڈیشنل سیکرٹری ساجد محمود چوہان ، فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر محمد بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فلسطینی وفد کی وزارت مذہبی امور آمد کو باعث برکت سمجھتے ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ، ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں ، اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے ، پاکستان کے پاسپورٹ پر درج ہے کہ یہ اسرائیل کے سفر کے لیے قابل استعمال نہیں۔

وزیراعظم ، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ نے ہرممکن کوشش کی کہ غزہ پر جاری بربریت کو روک سکیں ،ہماری خواہش ہے کہ القدس فلسطین کا دارالخلافہ ہو اور ہم اپنے بھائیوں کے ساتھ مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں ۔قاضی القضا فلسطین نے کہا کہ فلسطینی صدر چند ہفتوں بعد پاکستان آ رہے ہیں جس سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی ۔ مفتی اعظم الشیخ محمد احمد حسین نے کہا کہ امریکا اسرائیل کی سرپرستی کر رہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی قیادت میں پاکستانی عوام کو مسجد اقصیٰ کے صحن میں شکرانے کے نوافل پڑھتے جلد دیکھیں گے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں