پاکستان میں مقامی تیل23،گیس پیداوار میں10فیصد اضافہ

پاکستان میں مقامی تیل23،گیس پیداوار میں10فیصد اضافہ

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پاکستان میں مقامی تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے ۔ ہفتہ وار بنیادوں پر تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 30 اپریل تک تیل کی پیداوار 72167 بیرل یومیہ تک پہنچ گئی جبکہ گیس کی یومیہ پیداوار 3079 ملین مکعب فٹ (mmcfd) تک پہنچ گئی۔

اے کے ڈی سکیورٹیز نے تیل اور گیس کی پیداوار سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے ۔گزشتہ سال اسی مدت میں 30 اپریل 2025 کو تیل کی پیداوار 58 ہزار 713 بیرل یومیہ تھی اور گیس کی پیداوار 2809 ایم ایم سی ایف ڈی یومیہ تھی۔ رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر تیل کی پیداوار میں 3 فیصد جبکہ گیس کی پیداوار میں 4 فیصد اضافہ ہوا۔تیل کی پیداوار میں اضافے کی بڑی وجہ کنّر پاساخی ڈیپ (KPD) ہے جہاں ہفتہ وار بنیادوں پر 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بارگ زئی میں 15 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔گیس کی پیداوار میں اضافے کی وجہ اُچ میں 32 فیصد اور قادِر پور میں 9 فیصد اضافہ ہے۔ ان فیلڈز نے اہم کردار ادا کیا جبکہ شیوا میں بھی ایک عرصے کی کم پیداوار کے بعد بحالی دیکھنے میں آئی۔

ہفتہ وار بنیاد پر تیل اور گیس کی پیداوار میں بالترتیب 23 فیصد اور 10 فیصد اضافہ ہوا۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ مقامی سطح پر تیل اور گیس کی پیداوار میں نمایاں بحالی ہے ۔قطر سے ایل این جی کی سپلائی کی معطلی کے بعد گیس کے کنوؤں کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا جس کے نتیجے میں مقامی وسائل سے زیادہ گیس حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ بارگ زئی، سپن وام اور شیوا جیسے نئے ذخائر کی دریافت اور نیشپا، مکوری ڈیپ اور کندھکوٹ کے فیلڈز میں پیداوار کی بحالی نے بھی مجموعی اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ماہرین کے مطابق مقامی پیداوار میں اضافے سے دیگر ممالک پر انحصار کم ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں