درآمدات بڑھنا، برآمدات کا کم ہونا معیشت کیلئے خطرہ ، تاجر رہنما

درآمدات بڑھنا، برآمدات کا کم ہونا معیشت کیلئے خطرہ ، تاجر رہنما

ملک کے بڑھتے تجارتی خسارے پرکاٹی، ایف پی سی سی آئی صدور کوتشویش حکومت ایسی پالیسیاں متعارف کرائے جن سے برآمدات میں اضافہ ہو، گفتگو

کراچی (کامرس رپورٹر)درآمدات کے بڑھنے اور برآمدات میں کمی کو تاجر رہنماؤں نے معیشت کیلئے خطرہ قرار دیدیا۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خسارہ مالی سال 2026کے پہلے 10ماہ میں 20.28 فیصد اضافے کے ساتھ 32 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے ؛ جوکہ ملکی معیشت کے لیے سنگین خطرہ بن گیا ہے ۔انہوں نے معاشی پالیسی سازوں سے فوری اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ایکسٹرنل اکاؤنٹ کو مستحکم کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو محفوظ رکھنے کے لیے برآمدات کے شعبے کو فوری اور مؤثر مراعات دینا ناگزیر ہے۔

ادارہ شماریات منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 کے ابتدائی 10 ماہ میں درآمدات تقریباً 7 فیصد اضافے کے ساتھ 57.19 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ادھر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اکرام راجپوت نے ملک کے بڑھتے تجارتی خسارے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ درآمدات میں مسلسل اضافہ اور برآمدات میں سست روی معیشت کیلئے خطرہ ہے اپریل 2026 کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 4 ارب ڈالر سے تجاوز کر جانا انتہائی تشویشناک ہے ، جو نہ صرف گزشتہ کئی برسوں کی بلند ترین سطح ہے بلکہ اس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں