سخت گرمی میں بدترین لوڈ شیڈنگ، کاروباری برادری سراپا احتجاج
دن کوبجلی کی عدم دستیابی، رات کو اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کاروبار شدید متاثر سربراہ سٹی تاجر اتحاد نے وزیراعلیٰ سے اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم کرنیکا مطالبہ کردیا
کراچی(کامرس رپورٹر)شہرِ قائد میں ریکارڈ توڑ گرمی، بدترین بجلی بندش اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو گئی ہیں، جس پر تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی، سرپرست اعلیٰ آل سٹی تاجر اتحاد اور سینئر تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے وزیراعلیٰ سندھ سے اسمارٹ لاک ڈاؤن خاتمے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری ہیٹ ویو اور شدید گرمی کے باعث دن مارکیٹوں میں خریداروں کی آمد نہ ہونے کے برابر رہ گئی، دوسری جانب اعلانیہ اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے تاجروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
علاوہ ازیں شام کے وقت اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ سے کاروباری اوقات مزید محدود ہو گئے ، جس سے ہول سیل اور ریٹیل دونوں مارکیٹیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کاروباری مراکز سنسان ہیں اور روزانہ کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا ہے جس کے باعث دکانوں کے کرائے ، بجلی کے بل اور دیگر اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا، سٹی تاجر اتحاد کے سرپرست اعلیٰ اور دیگر سینئر رہنماؤں نے کمشنر کراچی اورمتعلقہ اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری مراکز کو لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ دیا جائے اور مارکیٹوں کو رات گئے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ تاجر کسی حد تک اپنے نقصانات کا ازالہ کرسکیں، بعد ازاں تاجر برادری نے خبردار کیا ہے کہ اگر انکے مطالبات پر فوری عمل نہ ہوا تو احتجاج بڑھائینگے۔