اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 1 لاکھ 64 ہزار پوائنٹس کی سطح بحال
حصص کی مالیت میں 49ارب 9کروڑ 52لاکھ 74ہزار 235روپے کااضافہ 45.66 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھیں، انڈیکس 164742.47پوائنٹس پربند
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز محدود اتارچڑھاؤ کے بعد تیز رہی، اسی سبب بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 64ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہوگئی، تیزی سے 45.66 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 49 ارب 09کروڑ 52لاکھ 74ہزار 235 روپے کا اضافہ ہوگیا، دن بھر اسٹاک انویسٹرز غیریقینی صورتحال سے دوچار رہے ، کاروبار کے ابتدائی دورانئے میں حصص کی فروخت سے ایک موقع پر 1416پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 63ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی، تاہم بعد دوپہر خام تیل کی عالمی قیمتوں میں معمولی کمی سے دوبارہ تیزی ہوئی اور ایک موقع پر 971پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی لیکن اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی، نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 793.53پوائنٹس کے اضافے سے 164742.47پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30انڈیکس 94.73پوائنٹس کے اضافے سے 49491.50پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 474.85پوائنٹس کے اضافے سے 98589.92 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 1183.41پوائنٹس کے اضافے سے 236551.09 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 35فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 45کروڑ 32لاکھ 19ہزار 997 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 484 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 221کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ 210کمپنیوں کے داموں میں کمی اور 53 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔