پی آئی اے پر اربوں کے ٹیکس جرمانے اورسرچارج معاف

پی آئی اے پر اربوں کے ٹیکس  جرمانے اورسرچارج معاف

کراچی(محمد حمزہ گیلانی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ کی نجکاری کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ دور کرتے ہوئے واجب الادا ٹیکسز پر عائد بھاری جرمانے اور ڈیفالٹ سرچارج مکمل طور پر معاف کرنے کا نوٹیفکیشن (ایس آر او)جاری کر دیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ایس آر او کے مطابق پی آئی اے پرواجب الادا ٹیکس رقم 8 ارب 76 کروڑ 59 لاکھ 72 ہزار روپے پر عائد تمام جرمانے اور سرچارج ختم کر دیئے گئے ہیں۔ایس آر او میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ رعایت نجکاری کے عمل کو کامیاب بنانے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے دی گئی ہے ۔ دستاویز کے مطابق جرمانوں اور سرچارج کی معافی نجکاری معاہدے کی مخصوص شرائط سے مشروط ہے جبکہ پی آئی اے کو اصل ٹیکس رقم کی ادائیگی بہرحال کرنا ہوگی، جس کے لیے ایک واضح طریقہ کار طے کیا گیا ہے۔

نجکاری کے شیئر پرچیز معاہدے کی تکمیل کے بعد کمپنی کو ایک سال کی رعایتی مدت دی جائے گی، جس کے بعد اصل ٹیکس رقم چار سال کے عرصے میں برابر سالانہ اقساط میں ادا کرنا ہوگی ۔حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد پی آئی اے کے مالی بوجھ کو کم کرنا اور ممکنہ خریداروں کے لیے کمپنی کو مزید پرکشش بنانا ہے کیونکہ بھاری جرمانے اورسرچارج نجکاری کے عمل میں ایک بڑی رکاوٹ سمجھے جا رہے تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں