گندم مہنگی، شہر میں آٹے کا بحران، 10 اور 20 کلو تھیلے مارکیٹ سے غائب

گندم مہنگی، شہر میں آٹے کا بحران، 10 اور 20 کلو تھیلے مارکیٹ سے غائب

115 روپے اضافے کے بعد 10 کلو تھیلے کی نئی قیمت 1020 روپے ،20 کلو کا تھیلا 2000 سے زائد میں فروخت 15 کلو آٹے کے تھیلے کے علاوہ سرکاری آٹا دستیاب نہیں، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں گے :حکام

لاہور (عمران اکبر) گندم کی نئی فصل سے بنے آٹے کی سپلائی آج دکانوں کو ملے گی، تاہم 10 کلو اور 20 کلو آٹے کے تھیلے مارکیٹ سے غائب ہو گئے ۔ 15 کلو آٹے کا تھیلا 1600 روپے دستیاب ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیے فلور ملز کو نئی قیمتوں پر 10 اور 20 کلو گرام کے تھیلے اوپن مارکیٹ میں فراہم کرنا تھے ، لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں یہ تھیلے دستیاب نہیں۔ انارکلی، باغبانپورہ، چاہ میراں، تاجپورہ، صدر، جوہر ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، رائیونڈ، اسلام پورہ، اقبال ٹاؤن اور سمن آباد سمیت دیگر علاقوں میں 10 اور 20 کلو آٹے کے تھیلوں کا شارٹ فال رہا۔دوسری جانب دکانداروں کے مطابق 115 روپے اضافے کے بعد 10 کلو آٹے کے تھیلے کی نئی قیمت 1020 روپے ہو گئی ہے، جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے اضافے سے 2000 روپے سے زائد میں فروخت ہوگا۔

15 کلو آٹے کے تھیلے کے علاوہ سرکاری آٹا دستیاب نہیں۔سٹورز پر آنے والے خریداروں کا کہنا ہے کہ 10 اور 20 کلو کے تھیلے دستیاب نہیں جبکہ قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے اور صرف مہنگا 15 کلو آٹا فروخت کیا جا رہا ہے ۔فلور ملرز کے مطابق گندم کی فی من قیمت 3000 روپے سے بڑھ کر 3600 روپے تک ہو گئی ہے ، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ جب گندم 3000 روپے فی من تھی تو 10 کلو آٹا 905 روپے اور 20 کلو آٹا 1810 روپے میں دستیاب تھا۔حکام خوراک کے مطابق گندم کی خریداری کے دوران مارکیٹ ریٹس کے مطابق آٹا فروخت کیا جاتا ہے ، جبکہ آٹے کا شارٹ فال ہونے کی صورت میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز فیلڈ میں آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں