درآمد کے باوجودگیس بحران ،نئے کنکشنز پر پابندی ختم نہ ہوسکی
2 لاکھ 6 ہزار نئے کنکشنز کی درخواستوں پر ڈیمانڈ نوٹس ادا، عملدرآمد روکدیا گیا درآمد گیس پاور پلانٹس کو سپلائی ،لوڈ شیڈنگ کم ،نئے کنکشنز عارضی روکے ،ترجمان
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ) ایل این جی کارگو کی درآمد کے باوجود گیس بحران جاری ہے ، ایل این جی کی محدود درآمد کے باعث تاحال نئے گھریلو کنکشنز پر پابندی برقرار ہے ،ڈیمانڈ نوٹسز ادا کرنے کے باوجود صارفین کنکشنز سے محروم ہیں ، ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی کے میں 2 لاکھ 6 ہزار سے زائد نیو کنکشنز کی درخواستوں پر عملدرآمد روک دیا گیا، 85 ہزار8 سو سے زائد صارفین کے ڈیمانڈ نوٹس ادا کرنے کے باوجود کنکشنز روک لیے گئے، 1 لاکھ سے زائد صارفین نے 25 ہزار کا ارجنٹ وائوچر جمع کروایا ان کا ڈیمانڈ نوٹس روک دیا گیا،نیو گیس کنکشنز روکنے پر صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے مہنگی ایل این جی کو سسٹم گیس میں شامل نہیں کیا گیا،چند روز قبل درآمد کی گئی ایل این جی گھریلو صارفین کے بجائے پاور پلانٹس کو دی جارہی ہے ، گھریلو صارفین کو تین اوقات میں کھانا بنانے کے لیے تقریباً 2، دو گھنٹے تک گیس دی جارہی ہے ، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاور پلانٹس کو ایل این جی دینے سے حکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر کافی حد تک قابو پالیا ہے ،ایل این جی کی محدود دستیابی کی وجہ سے پاور پلانٹس کو ترجیح دی جارہی ہے ،ترجمان ایس این جی پی کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے نیو کنکشنز پر پابندی نہیں لگائی ،ایل این جی کی سپلائی متاثر ہونے پر نئے گھریلو گیس کنکشنز عارضی طور پر روکے گئے ہیں ،سپلائی معمول پر آتے ہی دوبارہ کنکشنز لگانے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔