بجلی صارفین کو 63 ارب 94 کروڑ کا بڑا ریلیف ملنے کا امکان
ڈسکوز کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئے نیپرا میں درخواست ،19 مئی کو سماعت
اسلام آباد (دنیا نیوز) کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو 63 ارب 94 کروڑ روپے کا بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے ۔ڈسکوز نے کیلنڈر سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے درخواست نیپرا میں جمع کروا دی جس کی 19 مئی کو سماعت کی جائے گی۔درخواست کے مطابق جنوری تا مارچ کیپسٹی چارجز کی مد میں 36 ارب 83 کروڑ 70 لاکھ روپے کمی ہوئی۔ڈسکوز نے درخواست میں کہا کہ سسٹم کے استعمال کے چارجز و مارکیٹ آپریشن فیس کی مد میں 11 ارب 24 کروڑ روپے کمی ہوئی، انکریمنٹل یونٹس کی مد میں 23 ارب 51 کروڑ روپے کمی کی درخواست ہے ۔صارفین کو ریلیف فراہمی کا حتمی فیصلہ نیپرا سماعت کے بعد ہوگا۔