عدالتی حکم عدولی پر ڈپٹی کمشنر کی تنخواہ ضبط کرنے کا حکم

عدالتی حکم عدولی پر ڈپٹی کمشنر کی تنخواہ ضبط کرنے کا حکم

جیل سے رہا ملزم کے ذمہ لینڈ ریونیو بقایا جات بارے رپورٹ نہ دینے پر کارروائی ہوئی ڈی سی نوید احمد کی طرف سے شو کاز نوٹس کا جواب دیا گیا اور نہ ہی رپورٹ بھجوائی گئی

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر ) مسلسل عدالتی حکم عدولی پر ایڈیشنل سیشن جج نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی تنخواہ ضبط کرنے کا حکم دیدیا، جیل سے رہا ہونے والے مجرم کے ذمہ 3 لاکھ روپے کی رقم لینڈ ریونیو ایکٹ کے بقایاجات کے حوالے سے رپورٹ نہ بھجوانے پر گزشتہ تاریخ پر عدالت نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کو شو کاز نوٹس بھی جاری کیا تھا ۔ تھانہ فیروز والہ میں یکم دسمبر 2022 کو درج میڈیکل کی سٹوڈنٹ (ع)سے زیادتی کی کوشش کے مقدمہ میں عدنان بٹ کو جرم ثابت ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ اسد اللہ سراج نے 30 جنوری 2024 کو 5 سال قید بامشقت اور 3 لاکھ روپے معاوضہ متاثرہ لڑکی (ع ) کو ادا کرنے کا حکم سنایا تھا ۔ معاوضہ کی عدم ادائیگی کے باوجود بنیادی سزا مکمل ہونے پر مجرم کو جیل سے رہا کر دیا گیا تاہم جیل حکام نے ایک رپورٹ سیشن جج کو بھجوائی جس میں کہا گیا کہ عدم ادائیگی معاوضہ پر چونکہ مجرم کو عدالت سے مزید قید کا حکم نہ سنایا گیا تھا اس لئے بنیادی سزا مکمل ہونے پر قانون کے مطابق مجرم کو رہا کر دیا گیا۔

سیشن جج کی ہدایت پر ایڈیشنل سیشن جج شازیہ چیمہ کو جیل رپورٹ سماعت کے لئے مارک ہوئی تو عدالت کے حکم پر مجرم عدنان کے خلاف فیصلہ شدہ کیس کی فائل ریکارڈ روم سے طلب کی گئی تو پتہ چلا کہ مجاز عدالت نے معاوضہ کی رقم کی مجرم سے ادائیگی لینڈ ریونیو ایکٹ کے بقایاجات کے طور پر وصول کرنے کا حکم دے رکھا ہے ۔ فاضل جج شازیہ چیمہ نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے رپورٹ طلب کی تاہم انکے کلرک کی جانب سے تعمیل کے باوجود عدالت کو رپورٹ بھجوائی گئی اور نہ ہی انکا کوئی نمائندہ آفیسر عدالت پیش ہوا جس پر عدالت نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کو شو کاز نوٹس جاری کیا جس میں ان سے پوچھا گیا کہ کیوں نہ انکے خلاف عدالتی حکم عدولی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ عدالت نے معاملہ بارے مفصل رپورٹ بھی آئندہ تاریخ کے لئے دوبارہ طلب کی لیکن نہ تو مقررہ تاریخ پر ڈی سی کی طرف سے شو کاز نوٹس کا جواب دیا گیا اور نہ ہی رپورٹ بھجوائی گئی ۔ ایڈیشنل سیشن جج نے مسلسل عدالتی حکم عدولی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی تنخواہ تا حکم ثانی ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا اور عدالتی کارروائی آئندہ تاریخ تک کیلئے ملتوی کر دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں