پشاور میں امریکی قونصل خانے کی بندش کا فیصلہ
اقدام امریکی سفارتی عملے کی سلامتی سے متعلق بڑھتے خدشات کے پیش نظر کیا
پشاور، واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی محکمہ خارجہ نے سکیورٹی خدشات کے باعث خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں امریکی قونصلیٹ جنرل کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام پشاور میں امریکی سفارتی عملے کی سلامتی سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔پشاور میں امریکی سفارتی سرگرمیوں اور متعلقہ امور کی نگرانی آئندہ اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانہ کرے گا۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ امریکی عملے کی سلامتی کو اولین ترجیح دینے اور وسائل کے مؤثر استعمال کے تحت کیا گیا ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ماضی میں بھی پاکستان کے مختلف شہروں میں امریکی تنصیبات کے قریب احتجاجی مظاہرے اور سکیورٹی واقعات پیش آ چکے ہیں، جن کے بعد حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے گئے تھے۔