علاقائی کشیدگی اہم سبق، متبادل توانائی ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر : وزیر خزانہ

علاقائی کشیدگی اہم سبق، متبادل توانائی ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر : وزیر خزانہ

خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے ، ملکی ترقی کے لیے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا مشکل حالات کے باوجود ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ،سینیٹر اورنگزیب کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے خطے میں جاری کشیدگی کو پاکستان کے لیے اہم سبق قراردیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر ہے ۔خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے ، ملکی ترقی کے لیے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا ،مشکل حالات کے باوجود ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے وفاقی دارالحکومت میں کیپٹل مارکیٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اونگزیب کا کہنا تھا پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے متحرک ہے ، علاقائی کشیدگی ہمارے لیے اہم سبق ہے ، علاقائی کشیدگی کے پیش نظر محتاط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے کیپٹل مارکیٹ کا مضبوط ہونا ناگزیر ہے جبکہ نجی شعبے کی شمولیت ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی وقت کی ضرورت ہے ۔ حکومت کا بنیادی فوکس کرنٹ اکاؤنٹ کے استحکام پر ہے اور مالیاتی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دے کر مالیاتی نظام کو مستحکم بنانا چاہتی ہے ، توانائی کے شعبے میں بھی اصلاحات جاری ہیں اور سولر، ونڈ اور ہائیڈرو پاور کے ذریعے توانائی کے حصول پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالی نظم و ضبط، اقتصادی استحکام اور نجی شعبے کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی۔انہوں نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع جلد ختم ہو تاکہ عالمی معیشت پر منفی اثرات کم کیے جا سکیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں