امریکا ایران پیغامات کا سلسلہ جاری ، جلد معاہدہ : دفتر خارجہ
یہ نہیں جانتا کہ معاہدہ ایک صفحے کا ہوگا یا زیادہ کا، معاملہ حل ہونے کیلئے پرامید سندھ طاس معاہدہ پر آپشنز زیرغور،کوئی پاکستان کا پانی چوری نہیں کرسکتا:ترجمان
اسلام آباد(وقائع نگار)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور ایران میں جلد معاہدے کی توقع ہے ، پاکستان کا ایک قطرہ پانی بھی کوئی چوری نہیں کر سکتا۔ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پانچ مئی کو نائب وزیراعظم نے معرکہ حق پر سفارتی کور کو بریف کیا۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کا کیا تبادلہ ہوا ، اس پر گفتگو نہیں کروں گا، ہم پر امید ہیں کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان معاملہ حل ہوگا، یہ نہیں جانتا کہ معاہدہ ایک صفحے کا ہوگا یا زیادہ صفحات کا، معاہدے کے لئے پرامید ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کو جنوبی ایشیاء میں امن اور سلامتی پر تشویش ہے ، سندھ طاس معاہد ے سے متعلق تمام آپشنز زیر غور ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ہم دریاؤں کی صورتحال کا مشاہدہ کررہے ہیں، دفتر خارجہ سمیت انڈس واٹر کمشنر اور دیگر حکام اس کو دیکھ رہے ہیں ، پاک افغان بارڈر کے دونوں جانب عوام امن چاہتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان کوئی تنازع نہیں ،ہمارا مذہب ایک ہے ۔طالبان رجیم کے تحت افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی معاملات کوخراب کر رہی ہے ، ہمیں بارڈر بندش سمیت دیگر اثرات کے بجائے اس کی جڑ کو دیکھنا ہو گا، دہشت گردی ختم ہو جائے باقی چیزیں خود سیٹل ہو جائیں گی۔