بھارت ہوش کرے ، شرارت کی تو پھر مار پڑیگی:عظمیٰ بخاری
جو کچھ بھارت کیساتھ کر دیا،اب صرف پاکستان کیخلاف فلمیں ہی بنا سکتا ہے پانی کے معاملے پرپاکستان کی دھمکی پر بھارت ‘‘بھیگی بلی’’بن گیا:وزیر اطلاعات
لاہور (این این آئی،اے پی پی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف مہم جوئی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے ،مودی صاحب!آپ نے پاکستان سے مزید کتنی پھینٹی کھانی ہے ؟ بہتر ہوگا کہ آپ اپنی توانائی کسی ڈھنگ کے کام پر صرف کریں،جب پاکستان نے پانی کے معاملے پر بھارت کو دو ٹوک موقف دیا تو وہ ‘‘بھیگی بلی’’بن گیا، پاکستان کی سخت دھمکی کے نتیجے میں بھارت نے ‘‘اچھے بچوں’’کی طرح بگلیار ڈیم کے دروازے کھول دیئے ، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے ۔
صوبائی وزیر نے بھارتی جارحیت پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان کے بھرپور جواب سے بھارت کے ایک سال پرانے زخم اب تک تازہ ہیں،اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی شرارت کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ سخت مار پڑے گی،بھارت اب حقیقی میدان میں پاکستان کا مقابلہ کرنے کی سکت کھو چکا ، اسی لیے وہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان کے خلاف فلمیں بنا کر دل پشوری کر رہا ہے ۔ اب پاکستان نے فیصلہ کر لیا ہے کہ بھارت کی کھوکھلی دھمکیوں کو سنجیدہ لینے کے بجائے صرف ‘‘میمز’’کی حد تک رکھا جائے گا۔عظمیٰ بخاری نے خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ جنگیں کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل نہیں ہوتیں،ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے ،ہم چاہتے ہیں یہ جنگ فوری طور پر ختم ہو،یہ خطہ مزید جنگوں اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لئے تمام عالمی طاقتوں کو ہوش مندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔