مونس کی جائیداد نیلامی کیخلاف درخواست خارج کرنے کاتحریری حکم جاری
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور کی احتساب عدالت نے مونس الٰہی کی بغیر سرنڈر کئے جائیداد ضبط کرکے نیلامی روکنے کی درخواست خارج کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔
احتساب عدالت لاہور کے جج رانا محمد عارف نے مونس الٰہی کی والدہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر 12 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔عدالت نے مونس الٰہی کی جائیداد نیلامی کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کردی ۔عدالت نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ اشتہاری ملزم کی درخواست کو منظور کرنا ،مفروری کو فروغ دینے کے مترادف ہو گا۔،مونس الٰہی کے اشتہاری ہونے کے باعث درخواست قابلِ سماعت نہیں ۔ عدالت سے مفرور شخص قانون کے تحت معمول کے حقوق سے محروم ہو جاتا ہے اورکسی رعایت کا حقدار نہیں رہتا،اشتہاری ملزم کو سرنڈر کئے بغیر عدالت کے دائرہ اختیار سے رجوع کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔یاد رہے احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں نومبر 2023 کو مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دیا اور2025 میں مونس الٰہی کی ضبط شدہ جائیدادوں کی نیلامی کا حکم دیا تھا جبکہ مونس الٰہی کی جانب سے سپیشل پاور آف اٹارنی کے ذریعے قیصرہ الٰہی نے جائیداد نیلامی روکنے کیلئے درخواست دائر کر رکھی تھی ۔