ایچ ای سی : ڈوئل، ڈبل، جوائنٹ ڈگری پروگرامز کی منظوری
پالیسی کے تحت طلبہ ایک وقت میں دو مختلف پروگراموں میں داخلہ لے سکیں گے ایسے پروگرامز اسی صورت جا ری رہیں گے جب جامعات اشتراکی انتظامات کرینگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستانی جامعات اور مقامی و غیر ملکی تسلیم شدہ شراکت دار جامعات کے مابین منظم تعلیمی اشتراک کو فروغ دینے کے لیے ڈوئل، ڈبل اور جوائنٹ ڈگری پروگرامز پالیسی کی منظوری دے دی جس کے تحت تعلیمی اشتراک کی تین اقسام متعارف کرائی گئی ہیں،پہلی قسم میں وہ ڈوئل ڈگری پروگرامز شامل ہیں جن کے تحت مختلف یا قریبی متعلقہ شعبہ جات میں دو ڈگریاں دی جائیں گی، دوم میں ڈبل ڈگری پروگرامز جن کے تحت شراکت دار جامعات ایک ہی شعبے میں دو ڈگریاں جاری کریں گی اورسوم جوائنٹ ڈگری پروگرامز کے تحت شریک جامعات کی جانب سے مشترکہ طور پر واحد ڈگری جار ی کی جا ئیگی ۔ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ ایسے پروگرامز صرف اسی صورت میں جا ری رکھے جا سکیں گے جب جامعات منظور شدہ پالیسی کے مطابق باقاعدہ اشتراکی انتظامات کریں گی۔ پالیسی کے تحت طالب علم ایک وقت میں یونیورسٹی میں دو مختلف پروگراموں میں داخلہ لے سکے گا۔