وفاقی حکومت نے لیوی عائد کر کے پٹرول مہنگا کیا
عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں ہوئی تھی ڈیزل کی عالمی قیمت کے حساب سے 7 روپے 51 پیسے لٹر اضافہ بنتا تھا
اسلام آباد ( مانیٹرنگ سیل )وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ روز کیے گئے اضافے کی بڑی وجہ پٹرولیم لیوی میں اضافہ نکلا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں ہوئی تھی، تاہم حکومت نے پٹرول پر لیوی بڑھا کر قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لٹر اضافہ کیا۔ بی بی سی کے مطابق اسی طرح ڈیزل کی عالمی قیمت کے حساب سے تقریباً 7 روپے 51 پیسے فی لٹر اضافہ بنتا تھا مگر حکومت نے ڈیزل پر پٹرولیم لیوی بڑھاتے ہوئے صارفین کے لیے قیمت میں 15 روپے فی لٹر اضافہ کر دیا۔دستاویزات کے مطابق پٹرول پر پٹرولیم لیوی 103 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 117 روپے 41 پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل پر لیوی 28 روپے 69 پیسے سے بڑھا کر 42 روپے 60 پیسے فی لٹر کر دی گئی۔ماہرین کے مطابق حکومت آئی ایم ایف کی شرائط، ریونیو خسارہ کم کرنے اور ماضی میں دی گئی سبسڈی کا بوجھ پورا کرنے کے لیے پٹرولیم لیوی میں اضافہ کر رہی ہے ۔ اقتصادی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس اضافے سے مہنگائی اور عوام پر مالی دباؤ مزید بڑھے گا۔