ٹرانسپورٹروں نے ازخود 10 فیصد تک کرائے بڑھا دئیے
لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ 3800 ، پشاور 4460 ،کراچی کا 10170 کر دیا گیا گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ،کرائے نہ بڑھانے کے بیانِ حلفی دئیے :حکام
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے بعدپنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی 5 سے 10 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا جبکہ حکومت نے کرایوں میں اضافے کو غیر قانونی قرار دے کر کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے مختلف روٹس پر کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ۔ لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ 3630 سے بڑھا کر 3800 روپے ، پشاورکا 4240 سے بڑھا کر 4460 روپے ،کراچی کا کرایہ 9720 سے بڑھا کر 10ہزار170 روپے کر دیاگیا۔ اسی طرح لاہور سے فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، سوات اور احمد پور کے کرایوں میں بھی سینکڑوں روپے اضافہ کیا گیاہے۔
بعض ٹرانسپورٹرز نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے ازخود پانچ فیصد بڑھا دئیے ہیں جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ اور منی مزدا کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے خودساختہ کرایہ بڑھانے کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کر دیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے مطابق مختلف ٹرانسپورٹرز سے کرائے نہ بڑھانے کے بیانِ حلفی بھی لئے گئے ہیں ۔سیکرٹری آر ٹی اے لاہور رانا محسن کے مطابق نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے تحریری یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ حکومتی ریٹس پر ہی کرائے وصول کریں گی،خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی ،عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر و ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیوں کو ٹاسک سونپ دیا ۔ادھر مسافروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں عوام پر مزید ظلم کیا جا رہا، سفر کرنا بھی مشکل ہوچکا،ٹرانسپورٹروں کی جانب سے حکام کو چکمہ دینے کیلئے گاڑیوں پر آویزاں کرائے ناموں پربوگس اعدادوشمار درج ہوتے ہیں،ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو نوٹس لینا چاہئے ۔