کوہاٹ:خودکش حملہ آور کو روکنے والا ریٹائرڈ ریلوے ملازم شہید
لیاقت نے مشتبہ شخص کوروک کراس سے شناخت پوچھی حملہ آور نے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل، کوہاٹ کے قریب ایک بہادر شہری نے اپنی جان قربان کر کے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچا لیا،ایک مشتبہ خارجی دہشت گرد کھیتوں کے راستے آگے بڑھ رہا تھا، جسے تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی ریٹائرڈ ریلوے ملازم لیاقت نے روکا اور شناخت پوچھی۔ اس دوران خودکش حملہ آور نے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں شہری لیاقت موقع پر شہید، حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گرد کا مقصد بین الصوبائی علاقے میں واقع حساس چیک پوسٹ تک پہنچنا تھا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے کے ریٹائرڈ گینگ مین لیاقت علی شہید کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان کی جرأت اور فرض شناسی پر فخر ہے ۔حنیف عباسی نے متعلقہ حکام کو شہید کے خاندان سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت بھی کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی خودکش بمبار کو روکنے والے شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید لیاقت کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے اٹک پولیس ٹیم کو بھی سراہا اور کہا کہ پنجاب کو محفوظ بنانے اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔