گائنی آپریشن ویڈیو معاملہ پر معطل ایم ایس سمیت 4ملازمین بحال
ڈاکٹر عظمیٰ حسین فوری بحالی پاکر دوبارہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال ہی تعینات ڈاکٹر فرح ، نرس اقرا اور فوزیہ کی نئی تعیناتی کے احکامات جاری نہیں ہوئے
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں گائنی آپریشن مقابلے بازی کی ویڈیو وائرل ہونے کے معاملہ پرمعطل 2 سینئر ڈاکٹرز سمیت 4 ملازمین کو ملازمت پر بحال کر دیا گیا۔ پنجاب حکومت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر آف گائنی ڈاکٹر عظمیٰ حسین کو فوری طور پر بحال کر کے دوبارہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں ہی تعینات کر دیا گیا۔ اسی طرح معطل ایم ایس ڈاکٹر فرح انعام، سٹاف نرس اقرا زاہد اور سٹاف نرس فوزیہ رشید کو بھی ملازمت پر بحال کر دیا گیا، تاہم ان تینوں کی نئی تعیناتی کے احکامات تاحال جاری نہیں کیے گئے ۔یاد رہے چند ہفتے قبل لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں گائنی آپریشن کے دوران ڈاکٹرز اور عملے کے درمیان مقابلے بازی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد محکمہ صحت نے غفلت کا مظاہرہ کرنے پر مذکورہ ڈاکٹرز اور عملے کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا۔