عنقریب امریکا ایران ڈیل یا جنگی کارروائی :کامران بخاری

 عنقریب امریکا ایران ڈیل یا جنگی کارروائی :کامران بخاری

ایران کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ نہ ہونے پرامریکا، چین کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا آبنائے ہرمز ایران کے مکمل کنٹرول میں نہیں، ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ ‘‘ میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ماہر بین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہا ہے ایران کیساتھ معاہدہ نہ ہونے پرامریکا، چین کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا،صدر ٹرمپ چین جارہے ہیں، وہاں ملاقات ایران سے متعلق نہیں ہے ،امریکا کی کچھ شرائط ہیں، چین کے کچھ مطالبات ہیں،ان کا تعلق ایران سے نہیں ہے ،ان کا تعلق مجموعی طور پر عالمی جیو پالیٹکس ،عالمی جیو اکنامکس سے ہے ،دنیا نیوز  کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کامران بخاری نے کہا امریکا ،چین لیڈرشپ کی ملاقات کے دوران ہو سکتا ہے ایران سے متعلق کوئی گفتگو ہو،یہ بھی ممکن ہے وہ کچھ معاونت کریں ،معاملہ کسی صورت طے ہونا ہی ہے ، عنقریب ڈیل یا مزید کوئی جنگی کارروائی ہو گی، پھر اس کے بعد دوبارہ ڈیل ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورینیم افزودگی پر اختلافات برقرار ہیں، ایران 3اعشاریہ 7 فیصد تک افزودگی کی اجازت چاہتا ہے جبکہ امریکا کو خدشہ ہے کہ اس عمل کی نگرانی اور تصدیق کس طرح ممکن ہوگی تاکہ ایران اس حد سے آگے نہ بڑھ سکے ، امریکا کا ایک اہم مطالبہ یہ بھی ہے کہ ایران خطے میں اپنی تنظیموں کو اسلحہ فراہم نہ کرے ، آبنائے ہرمز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر ایران کے کنٹرول میں نہیں، سرنگیں بچھانے جیسی جنگی حکمت عملی خطے میں عدم اعتماد کی فضا کو مزید گہرا کرسکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں