گوادر پورٹ:ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کیلئے ٹیرف میں کمی کا فیصلہ
کنٹینر بردار جہاز 25 ، انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد کمی
کراچی (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے گوادر بندرگاہ کے لئے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کے لئے گوادر پورٹ پر ٹیرف میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے کہا کہ کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد، انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد کمی کی گئی، جبکہ ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر پورٹ چارجز 31 فیصد تک کم کر دئیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جنرل کارگو کے لئے ایک ماہ مفت اسٹوریج سہولت متعارف کرائی گئی ہے ۔ ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے ۔ دیگر قومی بندرگاہوں کے مقابلے میں ریکارڈ مراعات دی جا رہی ہیں۔ جنید انوار چودھری کا کہنا تھا کہ گوادر کو علاقائی لاجسٹکس مرکز بنانے کی پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔