حج آپریشن ، 61147پاکستانی عازمین حجازِ مقدس پہنچ گئے

 حج آپریشن ، 61147پاکستانی عازمین حجازِ مقدس پہنچ گئے

سرکاری سکیم کے تحت 58ہزار کی روانگی باقی، 1288معاونین خدمت پر مامور آپریشن21مئی کو ختم ،1لاکھ 19ہزار پاکستانی حج کرینگے ، 468پروازیں شیڈول

 اسلام آباد (سید قیصر شاہ )پاکستان سے سرکار ی حج سکیم کے تحت 61ہزار 147خوش نصیبوں کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچا دیا گیا۔21مئی تک بغیر کسی وقفہ کے آپریشن جاری رہے گا۔ ایک لاکھ 19 ہزار سرکاری عازمین میں سے 51 فیصد حجازِ مقدس پہنچ گئے ،سرکاری حج سکیم کے تحت مزید تقریباً 58 ہزار عازمین کی سعودی عرب روانگی باقی ہے ،حج آپریشن کے لیے مجموعی طور پر 468 پروازیں شیڈول ہیں ، اب تک 244 حج پروازیں آپریٹ کی جا چکیں، جدہ کے لیے 103 جبکہ مدینہ منورہ کے لیے 141 حج پروازیں چلائی جا چکی ہیں ، پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہو گی۔

مکہ مکرمہ میں اس وقت 56 ہزار 408 پاکستانی عازمین قیام پذیر ہیں، مدینہ منورہ سے اب تک 30 ہزار 477 پاکستانی عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ،پاکستانی حجاج کی خدمت کے لیے 1288 معاونینِ حج تعینا ت کیے گئے ہیں، حج آ پریشن میں ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ایئر لائنز بھی حصہ لے رہی ہیں۔اسلام آباد سے مجموعی طور پر 129، کراچی سے 124 اور لاہور سے 104 حج پروازیں آپریٹ کی جائیں گی ، کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے 5 حج پروازیں شیڈول ہیں،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4875 عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں جس کے بعد وہاں موجود پاکستانی حجاج کی مجموعی تعداد 61147 ہو گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں