لیاقت شہید ، قوم سلام پیش کر رہی
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور میں خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر شہری محمد لیاقت علی شہید کی رہائش گاہ پر پہنچ کر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت اورفاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شہید کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے کہا کہ محمد لیاقت علی شہید کی قربانی کو پوری قوم سلام پیش کر رہی ہے ،انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنی ذاتی حیثیت میں شہید کے بیٹے کی تعلیم مکمل ہونے تک تمام تعلیمی اخراجات برداشت کریں گے ۔ انہوں نے شہید کے بھائی کی مستقل ملازمت کے لیے وفاقی وزیر ریلوے سے بات کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ پنجاب حکومت کو بھرپور سفارش کریں گے کہ خوشحال گڑھ چیک پوسٹ کا نام لیاقت شہید چیک پوسٹ منکوررکھا جائے ، اٹک شہیدوں، غازیوں اور غیرت مند لوگوں کی سرزمین ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ حکومت، صدر پاکستان، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شکر گزار ہیں کہ محمد لیاقت علی شہید کیلئے تمغئہ شجاعت کا اعلان کر دیا گیا، کیونکہ سول اعزاز دینے کی عموماً کارروائی ایک سال میں مکمل ہوتی ہے ،سکیورٹی فورسز اور ہمارے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیاں پوری قوم کا فخر ہیں اور یہ ملک شہداء کی قربانیوں کی بدولت قائم و دائم ہے ۔