کابینہ کمیٹی :بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری تیز کرنیکا فیصلہ
ڈسکوز کے 51سے 100فیصد شیئرز بمعہ انتظامی کنٹرول فروخت کرنیکی منظوری نجکاری کا مقصد بجلی کی ترسیل بہتر، مالیاتی استحکام اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی
اسلام آباد(وقائع نگار)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں بجلی کے شعبے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) آئیسکو ، گیپکو اور فیسکو کی نجکاری سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا ،اس اقدام کا مقصد بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری، کارکردگی میں اضافہ اور مالیاتی استحکام کو یقینی بنانا ہے ،کمیٹی نے ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ہر ڈسکو زکے 51 فیصد سے 100 فیصد تک شیئرز بمعہ انتظامی کنٹرول فروخت کے لئے پیش کیے جائیں گے ، تاہم اس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی ، اسحاق ڈار نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی، بجلی کی مسلسل اور قابلِ اعتماد ترسیل یقینی بنانا اور نجی شعبے کی مؤثر کارکردگی سے فائدہ اٹھانا ہے ،اجلاس میں وفاقی وزیرِ توانائی، مشیر نجکاری، معاونِ خصوصی برائے وزیرِ اعظم طارق باجوہ، سیکر ٹر ی کابینہ، سیکر ٹری نجکاری کمیشن، سیکر ٹری نجکاری ڈویژن، سیکر ٹری پاور ڈویژن، چیئرمین نیپرا، چیئرمین ایس ای سی پی سمیت متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔