آزاد کشمیر الیکشن کمیشن ،پی ٹی آئی کی رجسٹریشن درخواست مسترد

 آزاد کشمیر الیکشن کمیشن ،پی ٹی آئی کی رجسٹریشن درخواست مسترد

آڈٹ میں مالیاتی ریکارڈ ،اکاؤنٹس ،الیکشن رول 121 کی خلاف ورزیاں پائی گئیں رجسٹریشن ،نگرانی آئین و قانون کے مطابق شفاف انداز میں کی جاتی ، الیکشن کمیشن

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کی رجسٹریشن سے متعلق درخواست مسترد کرد ی ،الیکشن کمیشن کے مطابق درخواست کی جانچ پڑتال کے دوران الیکشن کمیشن نے مالیاتی ریکارڈ کے آڈٹ کے لئے ایک آڈٹ افسر مقرر کیا تاکہ جماعت کے اکاؤنٹس اور مالی دستاویزات کا جائزہ لیا جا سکے ۔آڈٹ افسر کی ابتدائی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ درخواست گزار جماعت کے مالیاتی ریکارڈ اور اکاؤنٹس میں الیکشن رولز کے رول 121 کی خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں۔

اعتراضات سامنے آنے پر الیکشن کمیشن نے معاملہ دوبارہ جانچ کے لیے آڈٹ افسر کو بھجوایا، تاہم دوسری رپورٹ میں بھی انہی خلاف ورزیوں اور اعتراضات کو برقرار رکھا گیا۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے نمائندوں وکلا کو ذاتی سماعت کا موقع فراہم کیا۔ فریقین کے دلائل اور ریکارڈ کے تفصیلی جائزے کے بعد کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ جماعت رول 121 کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی ۔الیکشن کمیشن کے مطابق نتیجتاً مالیاتی ریکارڈ میں بے ضابطگیوں اور قانونی تقاضوں کی عدم تکمیل کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ،الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن اور نگرانی آئین و قانون کے مطابق شفاف اور مساوی اصولوں کے تحت انجام دیتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں