پانڈا بانڈ کا اجرا پاک، چین مالیاتی تعاون کا نیا باب :وزیرخزانہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان اور چین کے مالیاتی تعاون کا نیا باب ہے ،پانڈا بانڈ کے اجراسے پاکستان کو دنیا کی دوسری بڑی مارکیٹ تک رسائی مل گئی ۔
چینی ٹی وی کو انٹرویو میں محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کی معاشی ساکھ پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے جس سے پاکستان اور چین کے مالیاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک چوتھائی تجارت آر ایم بی اور یوآن میں ہو رہی ہے ، پانڈا بانڈ کا اجرا آر ایم بی کی عالمی سطح پر پزیرائی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سی پیک فیز ٹو میں کاروباری تعاون اور سرمایہ کاری پر توجہ دی جا رہی ہے ، پاکستان اور چین کی اقتصادی ترجیحات ایک دوسرے سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ، ٹیکس، توانائی اور سرکاری اداروں میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے ۔وزیرِ خزانہ کا کہنا تھاکہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باوجود پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھا۔ پانڈا بانڈ پروگرام کا مجموعی حجم ایک ارب امریکی ڈالر ہے ، ابتدائی اجرا 250 ملین امریکی ڈالر کے مساوی ہے ۔