گڈ گورننس،سیاسی استحکام معاشی ترقی کیلئے ناگزیر، شاہد عمران
سیاسی جماعتیں تصادم کے بجائے مذاکرات کو فروغ دیں، کنوینر وفاقی چیمبر
لاہور (اے پی پی)وفاقی چیمبرکی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ گڈ گورننس، آئین و قانون کی حکمرانی، جمہوریت کا فروغ اور مسلسل سیاسی استحکام تمام اداروں اور ریاستی ستونوں کو مضبوط بناتا ہے ۔ انہوں نے اتوار کو کاروباری رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس اور سیاسی استحکام معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں،شفافیت، احتساب اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے آئینی بالادستی کو ریاستی نظام کا سنگِ بنیاد رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور طویل مدتی اقتصادی منصوبہ بندی کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی میں سیاسی استحکام بھی اتنا ہی اہم ہے ۔ موثر احتساب، میرٹ پر مبنی انتظامیہ، انصاف تک رسائی اور بنیادی آزادیوں کا تحفظ بھی گڈ گورننس اور نئے انتظامی یونٹس کے ضروری اجزا ہیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ تصادم کی بجائے قومی امور پر مذاکرات ، برداشت اور اتفاقِ رائے کو فروغ دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments