سابق سینیٹرز کو بلیو پاسپورٹ دینے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل طلب

سابق سینیٹرز کو بلیو پاسپورٹ دینے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل طلب

تین سال مکمل کرنے والے سابق سینیٹرز، اہلخانہ،بچوں کو بلیو پاسپورٹ دینے کی تجویز زیرغور وزارت داخلہ کی بلیو پاسپورٹ اجرا کی مخالفت کے باوجود سینیٹ کمیٹی کا اجلاس طلب کیاگیا

 اسلام آباد (آن لائن) سابق اراکین پارلیمنٹ اور ان کے اہلخانہ کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اہم اجلاس کل منگل کو چیئرمین ہمایوں مہمند کی زیر صدارت ہوگا، جس میں سینیٹر عبدالقادر کی جانب سے پیش کردہ ترمیمی بل پر غور کیا جائے گا۔بل کے مطابق تین سال یا اس سے زائد عرصہ سینیٹر رہنے والے سابق اراکین پارلیمنٹ، ان کے شریک حیات اور بچوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ اس مقصد کیلئے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق ایکٹ میں ترمیم تجویز کی گئی ہے ۔وزارت داخلہ کی طرف سے بلیو پاسپورٹ کے اجرا کی مخالفت کے باوجود سینیٹ کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اجلاس میں سابق اراکین پارلیمنٹ کو بلیو پاسپورٹ کی سہولت دینے کے قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز کو بلیو پاسپورٹ کی سہولت حاصل ہے ، اس لیے سابق اراکین پارلیمنٹ کو بھی یہ حق دیا جانا چاہیے تاکہ اعلیٰ سطح پر ریاستی خدمات انجام دینے والوں میں مساوات قائم ہو سکے ۔دوسری جانب وزارت داخلہ اس تجویز کی مخالفت کر چکی ہے ۔ گزشتہ دنوں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں وزارت داخلہ نے سابق اراکین پارلیمنٹ اور ان کے اہلخانہ کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے پر اعتراضات اٹھائے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں