بیرون ملک روزگار کے خواہشمند جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں
اسلام آباد (اے پی پی)ایف آئی اے اور بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمتوں کے جعلی اشتہارات، ملازمتوں کی جعلی پیشکشوں اور جعلی بھرتیوں کی ویب سائٹس کے خلاف خبردار کرتے ہوئے ملازمت کے خوا ہشمندوں کو ہدایت کی ہے۔
کہ وہ درخواست دینے سے پہلے تمام اسامیوں کی تصدیق کریں، نوکری کی درخواستیں، پاسپورٹ کی تفصیلات، شناختی کارڈ کی کاپیاں یا دیگر حساس ذاتی معلومات آن لائن جمع کرانے سے پہلے ویب سائٹ کی تصدیق لازمی کریں، سائبر فراڈ کرنے والے نہ صرف مالی گھپلوں میں ملوث ہیں بلکہ وہ ذاتی ڈیٹا اور شناختی دستاویزات بھی چرانے کی کوشش کر تے ہیں جنہیں بعد میں غیر قانونی سرگرمیوں میں غلط استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ کسی بھی نوکری کی پیشکش جس میں پیشگی ادائیگی، فوری رقم کی منتقلی یا بھرتی کے مناسب طریقہ کار کے بغیر فوری منظوری کا دعویٰ کیا جائے اسے مشکوک سمجھا جائے ، شہری کسی بھی اقدام سے قبل صرف لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ، سرکاری پلیٹ فارمز اور مستند کمپنی چینلز کے ذریعے بیرون ملک روزگار کے مواقع کی تصدیق کریں اور جعلی اشتہارات کی اطلاع ایف آئی اے ہیلپ لائن 1991 پر دیں ۔