10 ماہ میں ترقیاتی منصوبوں پر 469ارب 84 کروڑ خرچ
اسلام آباد (این این آئی)وزارت منصوبہ بندی نے رواں مالی سال (جولائی تا اپریل)کی پبلک سیکٹر ترقیاتی پروگرام کے اخراجات کی تفصیل جاری کردی۔
جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ترقیاتی منصوبوں پر 469 ارب 84 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں پر 332 ارب 67 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔ کارپوریشنز کے ترقیاتی منصوبوں پر 137 ارب 17 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔این ایچ اے کے منصوبوں پر 84 ارب 41 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ، کارپوریشنز میں بجلی منصوبوں پر 52 ارب 76 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔وزارت منصوبہ بندی کے مطابق کابینہ ڈویژن کے منصوبوں پر 44 ارب روپے خرچ ہوئے ۔وفاقی وزارت تعلیم کے ماتحت منصوبوں پر 19 ارب 17 کروڑ روپے کے فنڈز خرچ ہوئے ، ہائر ایجوکیشن منصوبوں پر 24 ارب 15 کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ وزارت آبی وسائل کے منصوبوں پر 66 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔وزارت منصوبہ بندی کے مطابق رواں مالی سال کا نظرثانی شدہ پی ایس ڈی پی حجم 837 ارب 16 کروڑ روپے ہے ۔