سندھ حکومت منشیات کے خاتمے میں ناکام ہو چکی،جی ڈی اے
منشیات فروشوں، ان کے سرپرست عناصر کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے پیر پگارا کی زیر صدارت اجلاس،سیاسی صورتحال،اہم قومی ،صوبائی معاملات پر غور
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا اہم مشاورتی اجلاس جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی زیر صدارت راجہ ہاؤس میں ہوا، جس میں سندھ اور ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم قومی و صوبائی معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پیر سید صدر الدین شاہ راشدی، غلام مرتضیٰ جتوئی ، سید محمد راشد شاہ، سید محمد اسماعیل شاہ ، ڈاکٹر صفدر عباسی، ایاز لطیف پلیجو، سید زین شاہ، سائرہ بانو، سردار عبد الرحیم، معظم خان عباسی، حسنین مرزا، نند کمار گوکلانی، سید شفقت شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ میں منشیات کے بڑھتے استعمال اور اسمگلنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا سندھ حکومت مبینہ طور پر دھندے میں ملوث ہے ، اس لئے منشیات کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، جس کے باعث نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سرپرست عناصر کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے ۔مقامی حکومتوں کے نظام پر گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا سندھ میں حقیقی بلدیاتی نظام موجود نہیں، اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ ہونے کے باعث عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
اجلاس میں آرٹیکل 140-A کے تحت بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام پر زور دیا گیا۔اجلاس میں سندھ کی انتظامی تقسیم، نئے ڈویژنز اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ بہتر طرز حکمرانی اور عوامی سہولت کے لیے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات ناگزیر ہیں لیکن سندھ کی تقسیم ہر لحاظ سے قابل قبول نہیں۔ وفاقی حکومت کے اداروں میں رائٹ سائزنگ کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ سرکاری اداروں کے غیر ضروری اخراجات کم کر کے قومی وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جانا چاہیے ، تاہم ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پبلک سروش کمیشن میں کرپشن اور میرٹ کا قتل سندھ کے نوجوانوں کا مستقبل تاریک کر رہا ہے -اجلاس میں کراچی اور گوادر کی اسٹرٹیجک، معاشی اور تجارتی اہمیت پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کراچی ملک کی معیشت کی شہ رگ ہے جبکہ گوادر مستقبل میں خطے کی تجارت کا اہم مرکز بن سکتا ہے ، اس لیے دونوں شہروں میں انفرااسٹرکچر، امن و امان اور سرمایہ کاری کے مواقع بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے ۔اجلاس میں ملکی سلامتی، اسٹرٹیجک معاملات اور سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا قومی سلامتی کے معاملات پر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جی ڈی اے سندھ کے عوام کے حقوق، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور صوبے کے وسائل کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔