کشمیری ایسا قدم نہ اٹھا ئیں جس سے بھارت خوش ہو: حافظ نعیم

 کشمیری ایسا قدم نہ اٹھا ئیں جس سے بھارت خوش ہو: حافظ نعیم

پاکستان ، آزاد کشمیر پر ایک ہی کنسورشیم حکومت کررہا،الیکشن نتائج جوبھی ہوں کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں دین کا نظام قائم ہوگا تو سب کو انصاف ملے گا،تعلیمی مہم کا دائرہ پورے ملک میں پھیلائیں گے :مظفر آباد میں خطاب

مظفرآباد(نمائندہ دنیا)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان بے روزگار اور پریشان ہیں ، ایک ہی کنسورشیم پاکستان اور آزاد کشمیر پر حکومت کررہا ہے ، مشکلات کے باوجود کشمیری نوجوان عزم کریں کہ وہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے بھارت خوش ہو، الیکشن نتائج جوبھی ہوں جماعت اسلامی کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے ، دین کا نظام قائم ہوگا توہی سب کو انصاف ملے گا، تعلیمی مہم کا دائرہ پورے ملک میں پھیلا ئیں گے ۔کشمیریوں اور پاکستانیوں کا رشتہ جغرافیہ نہیں نظرئیے اور عقیدے کا ہے ، الیکشن ہوتے رہیں گے ، بنو قابل کا سفر کراچی سے شروع ہوکر مظفر آباد تک پہنچ گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مفت آئی ٹی تربیت میں داخلہ کے لئے آئے ہوئے ہزاروں طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے بھی خطاب کیا جبکہ بنو قابل کے منتظم اور امیر جماعت کے معاون خصوصی عمیر ادریس اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے طلبا وطالبات کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت انہیں آئی ٹی کی ہر قسم کی تربیت مفت فراہم کرے گی، مظفر آباد کے بعد وادی کے ہر علاقہ میں بنو قابل پروگرام کا آغاز ہوگا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مغربی بنگال کے انتخابات میں حکمران بی جے پی نے لاکھوں ووٹ کینسل کردیئے اور نتائج کے بعد مسلمانوں پر مظالم کا آغاز کردیا ، ہندوتوا کے ماننے والے کبھی مسلمانوں کو تسلیم نہیں کریں گے ، کشمیریوں کو اس حقیقت کا مکمل ادراک ہے ، کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم ان کی پشتیبان ہے ، آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے ، جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان دین سے اپنے رشتہ کو مضبوط کریں ، ہمیں معلوم ہے کہ کشمیر کے رہنے والے حالات سے پریشان ہیں، پورے پاکستان کی طرح یہاں بھی عوام مہنگائی سے بے حال ہے ، کشمیر کے نوجوان جان لیں کہ دین کا نظام قائم ہوگا تو ہی سب کو عدل و انصاف ملے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں