پنجاب میں پیپلزپارٹی کو مضبوط بنانا ہدف، بلاول بھٹو

پنجاب میں پیپلزپارٹی کو مضبوط بنانا ہدف، بلاول بھٹو

میاں منظور وٹو کی وفات پر اہلخانہ سے تعزیت،وٹو خاندان کیساتھ کھڑے ،گفتگو ثمینہ خالد گھرکی ، نواب شہزاد علی خان کے گھر آمد،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

لاہور(سپیشل رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبائی دارالحکومت میں مصروف دن گزارا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن میں وٹو ہاؤس پہنچے اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ میاں منظور وٹو کے انتقال پر ان کی بیوہ پروین بیگم ان  کے صاحبزادوں معظم جہانزیب وٹو، میاں خرم جہانگیر وٹو اور میاں ذیشان منظور وٹو سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبرِ جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں منظور وٹو پیپلز پارٹی کا اثاثہ تھے ،پیپلزپارٹی ہر خوشی غمی میں وٹو خاندان کے ساتھ کھڑی ہے ، آپ پیپلزپارٹی کیلئے متحرک ہو جائیں ،ہمارا ہدف پنجاب میں پیپلزپارٹی کو مضبوط بنانا ہے ،آپکے والد نے پارٹی کیلئے کام کیا ویسے ہی آپ نے کام کرنا ہے ، الیکشنز کیلئے بھی خود کو تیار کریں ،پیپلزپارٹی ہمارے خون میں ہے۔

اس موقع پر منظور وٹو کی صاحبزاد یوں نے کہا کہ ہمارے والد نے ہمیشہ ہمیں پیپلزپارٹی کے ساتھ وفاداری کی داستانیں سنائیں ،اس موقع پر پی پی رہنما شہزاد سعید چیمہ اور لاہور کے صدر فیصل میر نے بھی سوگواران سے تعزیت کی۔بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے معروف سماجی و کاروباری شخصیت نواب شہزاد علی خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔بلاول بھٹو رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پربھی گئے اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی اور پی پی لاہور کے رہنما اشرف خان بھی موجود تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں