فیفا ورلڈکپ، امریکی سفارتخانے کے زیر اہتمام لانچنگ تقریب
حنیف عباسی، محسن گیلانی، رانا مشہود احمد سمیت دیگر اہم شخصیات کی شرکت امریکا عظیم ایونٹ کو یادگار بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ، نیٹلی اے بیکر کا خطاب
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان میں امر یکی سفارتخانے کے زیر اہتمام فیفا ورلڈکپ کے حوالے سے پروقار لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد اور لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ فیفا ورلڈکپ کے حوالے سے پہلا خصوصی ایونٹ پاکستان میں منعقد کیا جارہا ہے۔
پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے حوالے سے مثبت پیش رفت دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ،پاکستان فیفا ورلڈکپ میں اپنا اہم کردار ادا کررہا ہے۔نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا بھر کے لئے ورلڈ کلاس فٹبالز تیار کررہا ہے ، جبکہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والا فیفا ورلڈکپ تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں شریک ہوں گی ۔ امریکہ دنیا بھر کے شائقین کو خوش آمدید کہنے اور اس عظیم ایونٹ کو یادگار بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ۔ صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے کہا کہ فٹبال کے ذریعے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ پاکستان فٹبال نے پہلی بار ایک خاتون کو مینز فٹبال ٹیم کا منیجر مقرر کیا ، جو خواتین کے کردار کو فروغ دینے کی مثال ہے۔