خراب امن و امان، خضدار میں ضمنی الیکشن فی الحال ناممکن:حکام

خراب امن و امان، خضدار میں ضمنی الیکشن فی الحال ناممکن:حکام

انتخابی عملے اور ووٹرز کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں:چیف سیکرٹری و آئی جی کی بریفنگ کمیشن ضمنی الیکشن کرانے کا پابند، اس بارے مناسب فیصلہ کیا جائے گا:چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد (دنیا نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، چیف سیکرٹری اور آئی جی نے خضدار میں دہشتگردوں کی موجودگی اور قبائلی اختلافات سے آگاہ کیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 256 خضدار کی سیٹ اختر مینگل کے استعفے سے خالی ہوئی تھی، امن و امان کی خراب صورتحال پر 27 مارچ کو خضدار کا انتخابی شیڈول معطل کیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خضدار میں اس وقت ضمنی انتخاب کا انعقاد اور انتخابی عملے اور ووٹرز کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کمیشن آئین و قانون کے تحت خضدار میں ضمنی انتخاب کرانے کا پابند ہے ، بریفنگ کی روشنی میں خضدار کے ضمنی انتخابات پر مناسب فیصلہ کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندی کا عمل مکمل کر لیا ہے ، شیڈول جون کے دوسرے ہفتے میں جاری کیا جا سکتا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کوئٹہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ صوبائی کابینہ اجلاس میں رکھا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت سے ڈرافٹ شیڈول پر موقف جلد دینے کی ہدایت کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں