اسماعیلی کمیونٹی کے امام پرنس رحیم آغا خان پاکستان پہنچ گئے صدرِ مملکت نے استقبال کیا
اسلام آباد (اے پی پی)اسماعیلی کمیونٹی کے امام پرنس رحیم آغا خان پنجم پاکستان پہنچ گئے ،صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نور خان ایئربیس پر استقبال کیا ۔اس موقع پر خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں پرنس رحیم آغا خان کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
ایوانِ صدر آمد پر پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے جوانوں پر مشتمل مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ، صدرِ مملکت نے انکے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار، ،چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ ، سفرا نے شرکت کی۔