مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ این سی سی آئی اے پیش
وزیراعلیٰ کا نوٹس ، اداکارہ کو سکیورٹی دینے کی ہدایت کر دی:حنا پرویز ایم پی اے نے تعلق ختم ہونے پر مومنہ کو ہراساں کیا:عدنان احسان تمام شواہد متعلقہ حکام کو فراہم کر دئیے گئے :مومنہ کے وکیل کا دعویٰ اداکارہ کے منگیتر کی دھمکیوں پر مقدمہ درج کروایا:وکیل ثاقب چدھڑ
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،مانیٹرنگ نیوز) ہر اسانی کے معاملے میں اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )کے دفتر میں اپنے وکلا کے ساتھ پیش ہوگئے ۔ رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سخت نوٹس لیا ہے ، اداکارہ مومنہ اقبال اور ان کی فیملی کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کیلئے خواتین ریڈ لائن ہیں، ان کی ہراسانی یا ذہنی اورجسمانی تشدد بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔اداکارہ کی درخواست میں ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔
مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان نے مؤقف اختیار کیا کہ ایم پی اے اداکارہ سے شادی کرنا چاہتے تھے ،ان کے تعلقات کافی پرانے ہیں۔ جب مومنہ اقبال کو معلوم ہوا کہ ایم پی اے پہلے سے شادی شدہ ہیں اور وہ تیسری شادی کرنا چاہتے ہیں تو انہوں نے تعلق ختم کر دیا ، پھر اداکارہ کی شادی کہیں اور طے ہو گئی، جس کی تقریب آئندہ جون میں متوقع ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مومنہ اقبال کا رشتہ طے ہونے کے بعد ایم پی اے نے انہیں ہراساں کرنا شروع کیا اور اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے اداکارہ کے ہونے والے شوہر کے خلاف ایک بے بنیاد مقدمہ بھی درج کروایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اداکارہ کی شادی کی تیاریوں میں مصروف افراد کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے ، تاہم شادی طے شدہ تاریخ پر ہی ہوگی،تمام شواہد متعلقہ حکام کو فراہم کر دئیے گئے ہیں۔دوسری جانب ایم پی اے کے وکیل میاں علی اشفاق نے کہا کہ مومنہ اقبال کے ہونے والے شوہر نے ثاقب چدھڑ کو دھمکیاں دیں جس پر ان کے خلاف 17 تاریخ کو مقدمہ درج کروایا۔