ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ لگانے والی شوگر ملزکو چلنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے :لاہور ہائیکورٹ
لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب نہ کرنے والی شوگر ملوں کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے واضح کیا کہ جو شوگر ملیں مقررہ وقت تک پلانٹس نصب نہیں کریں گی، انہیں چلنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے ۔ممبر ماحولیاتی کمیشن سید کمال حیدر نے ناصر باغ میں 200درختوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی، جس پر عدالت نے کہا کہ اگر یہ درخت کامیابی سے بڑھ رہے ہیں تو یہ بڑی کامیابی تصور ہوگی ،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال غیر معمولی بارشوں کی توقع ہے ، اگر بروقت انتظامات نہ کیے گئے تو بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے ۔