پاکستان پائیدار امن کیلئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا:اسحاق ڈار

پاکستان پائیدار امن کیلئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا:اسحاق ڈار

ٹرمپ کا اقدام خطے میں استحکام کی جانب اہم پیشرفت ، خراج تحسین پیش کرتے ہیں ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت ایرانی قیادت کے تعمیری کردار پر بھی شکر گزار

اسلام آباد (نیوزایجنسیاں دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امن عمل کے لئے تمام فریقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار امن، باہمی احترام کے لئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایکس پر کہا ہے کہ صدرٹرمپ نے پاکستان سمیت مسلم ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے کئے ، پاکستان، سعودی عرب، تر کیہ اور قطر کی قیادت سے بات کی، مصر، یو اے ای اوراردن کی قیادت سے بھی گفتگو کی۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کا اقدام خطے میں استحکام کی جانب اہم پیشرفت ہے ، نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکوروبیو اور امریکی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، صدر ٹرمپ کی قیادت اورمکالمے وسفارتکاری کے عزم کو سراہتے ہیں، ان کی مسلسل شمولیت نے بامعنی پیشرفت میں مدد دی۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت ایرانی قیادت کے تعمیری کردار پر بھی شکر گزار ہیں، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی اور سپیکرباقرقالیباف کو بھی سراہتے ہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان تمام علاقائی شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کے ساتھ 28 فروری سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں، سعودی عرب، تر کیہ ، مصر، قطر اور دیگر کے تعاون نے حتمی نتیجے میں اہم کردارادا کیا۔ قیام امن کیلئے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت اور امن کے لئے ان کے غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی سراہتا ہوں، جنہوں نے اس حساس اور اہم عمل میں مرکزی کردار ادا کیا اور آج کی گفتگو میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔علاوہ ازیں ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک چین بی ٹو بی شراکت داری کا حجم 13 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔ اب تک 300 سے زائد ایم او یوز اور درجنوں جوائنٹ وینچر طے پاچکے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی وقت، عالمی تبدیلیوں اور علاقائی چیلنجز کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں