ملک اب کھوکھلے نعروں کی سیاست سے نہیں چل سکتا،ایم کیو ایم

  ملک اب کھوکھلے نعروں کی سیاست سے نہیں چل سکتا،ایم کیو ایم

جی بی میں انتخابی مہم میں عوامی پذیرائی نے سیاسی منظر نامے کو بدل دیا عوام اب کارکردگی چاہتے ہیں ،گلگت بلتستان کا مستقبل روشن،ترجمان

کراچی (سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی گلگت بلتستان میں حالیہ انتخابی مہم کے دوران عوام کی جانب سے ملنے والی بے پناہ اور فقید المثال پذیرائی نے خطے کے سیاسی منظر نامے کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے ، عوامی جوش و خروش اور بھرپور شرکت اس بات کا واضح اور بین ثبوت ہے کہ اب ملک روایتی گھسے پٹے اور کھوکھلے نعروں کی سیاست سے نہیں چل سکتا، گلگت بلتستان کے غیور اور باشعور عوام نے ثابت کر دیا کہ ملک کا استحکام صرف اور صرف عملی اور تعمیری طرزِ سیاست میں پنہاں ہے ، ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کی جانب سے مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں پارٹی کی انتخابی مہمات کو ملنے والی تاریخی کامیابی نے مخالفین کے تمام دعوؤں کو مٹی میں ملا دیا ہے۔ ایم کیو ایم ترجمان نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کی دھرتی سے اٹھنے والا یہ سیاسی شعور اس حقیقت کا مظہر ہے کہ عوام اب لفاظی نہیں بلکہ کارکردگی چاہتے ہیں۔

انتخابی مہم کے دوران شہریوں کا والہانہ استقبال اور بھرپور شمولیت پارٹی کی قیادت اور اس کی مخلصانہ جدوجہد پر گہرے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے ، ایم کیو ایم اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ عوام کے اس غیر متزلزل اعتماد کو محض ایوانوں کی زینت نہیں بننے دیا جائے گا۔ ترجمان متحدہ نے اپنے بیان میں گلگت بلتستان کے شہریوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ان کے اس تاریخی اعتبار کی بھرپور لاج رکھے گی اور اس سیاسی اعتماد کو طاقت بنا کر ایوانوں میں مظلوموں کی آواز بنے گی ، ایم کیو ایم پاکستان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کا مستقبل روشن ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں