ستھرا پنجاب فیصل آباد سکینڈل ، بڑی پیشرفت،72 کروڑ ریکور
ملزموں سے 12 کروڑ برآمد،3ٹھیکیداروں کی 60کروڑ سکیورٹی ریکوری میں شامل 24 کروڑ روک لیے گئے ، دیگر3ملزموں سے بھی تفتیش کی جائیگی:اینٹی کرپشن
لاہور(مدثر حسین سے )ستھرا پنجاب فیصل آباد سکینڈل میں بڑی پیشرفت،72 کروڑ کی ریکوری کر لی گئی جبکہ کمپنی کے 24 کروڑ کے واجبات روک لیے گئے ۔فیصل آباد کے سٹی سرکل ، صدر اور تحصیل تاندلیانوالہ میں ستھرا پنجاب میں ایک ارب روپے کاکرپشن سکینڈل سامنے آیا تھا ۔ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ، اینٹی کرپشن انکوائری ٹیم نے پکڑے گئے ملزموں سے ابتک 12 کروڑ کی ریکوری کر لی ہے جبکہ ایم ایس کمپنی کیئر کنسورشیم کے 3مشترکہ ٹھیکیداروں نے سکیورٹی کے نام پر 60کروڑ جمع کروائے تھے ۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے 60 کروڑ کی سکیورٹی ریکوری کی مد میں روک کر اسے ریکوری میں ڈال دیا ہے جبکہ کمپنی کے 24 کروڑ کے دیگر واجبات بھی روک دیئے ہیں۔ ابتک اینٹی کرپشن حکام 9 افراد کو حراست میں لے چکے ہیں جبکہ مقدمے میں نامزد ایک ملزم قیصر مفرور ہے اور ایم ڈی رؤف اور ٹھیکیدار شفیق عبوری ضمانت پر ہیں۔
عبوری ضمانت کے ملزم تاحال اینٹی کرپشن انکوائری ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی وکیل کے ذریعے بیان ٹیم کو بھجوایا ہے ۔ جو ملزم اینٹی کرپشن کی حراست میں ہیں ان میں عبداللہ نذیر باجوہ ، اسد الٰہی ، احسن ندیم ، ارشد سلیم ، عابد ، وقاص ، طیب ، قمر الزمان اور ٹھیکیدار فاروق خان شامل ہیں ۔ نومبر 2024 سے جنوری2026 تک ملازمین کی تنخواہوں اور کنٹینرز کی مد میں کرپشن کی گئی ۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں ۔ مفرور ملزم نے گرفتاری نہ دی تو اشتہاری کروا کر گرفتار کیا جائے گا جبکہ عبوری ضمانت والوں کی ضمانتیں عدالت سے خارج کروا کر شامل ِ تفتیش کیا جائے گا۔