حج فکری و روحانی تطہیر کا سفر
لاہور (سٹاف رپورٹر ) بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے لاکھوں حجاج کرام اور عازمینِ حرمین شریفین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجِ بیت اللہ انسان کی فکری، روحانی اور اخلاقی تطہیر کا عظیم سفر ہے۔
یہ عبادت صرف چند ظاہری مناسک کا مجموعہ نہیں بلکہ توحید، بندگی اور انسانیت کے اعلیٰ ترین تصورات کی عملی تعبیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ حج ہر اُس صاحبِ استطاعت مسلمان پر فرض ہے جو اس مقدس فریضے کی ادائیگی کی قدرت رکھتا ہو۔ عازمینِ حرمین شریفین کے لیے یہ سفر غیرمعمولی سعادت اور اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے کیونکہ حج انسان کو اپنی اصل حقیقت یعنی عبدیت اور بندگی کی طرف واپس لے جاتا ہے ۔طاہرالقادری نے کہا کہ احرام انسان کو ایسے مقام پر لے آتا ہے جہاں وہ اپنی انفرادیت، تکبر اور دنیاوی شناخت کو پسِ پشت ڈال کر صرف بندگی کے لباس میں داخل ہو جاتا ہے۔