بسنت پالیسی :توہین عدالت کی درخواست ، چیف سیکرٹری کو نوٹس
لاہور (کورٹ رپورٹر ،اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک اویس خالد نے پورے صوبے میں بسنت فیسٹیول منانے کیلئے یکساں پالیسی نہ بنانے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان سے تحریری جواب طلب کرلیا۔
درخواستگزار اشبا کامران نے موقف اپنایا کہ عدالت عالیہ نے تفریح سے متعلق شہریوں کے مساوی حقوق کی پاسداری کیلئے حکم دیا ،چیف سیکرٹری نے 60 روز گزرنے کے باوجود رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع نہیں کرائی۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔عدالت نے درخواست گزار کو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو بھی فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔