صوابی : وین کی بس سے ٹکر ، 17 مسافر جاں بحق ، 6 زخمی

 صوابی : وین کی بس سے ٹکر ، 17 مسافر جاں بحق ، 6 زخمی

حادثہ سوات ایکسپریس وے پر پیش آیا ،بوریوالا میں ٹرالی کی رکشہ کو ٹکر،2جاں بحق،قلات میں 6افراد چل بسے ڈیرہ اسماعیل خان سے بی بی پاک دامن مزار لاہور جانیوالی بس کو حادثہ،7ماہ کا بچہ،خاتون جاں بحق ،32زخمی

 صوابی،ڈیرہ اسماعیل خان، بوریوالا، قلات (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندگان دنیا) صوابی سوات موٹروے پر مسافر وین اور بس میں خوفناک حادثے کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 6زخمی ہو گئے جبکہ دیگر حادثات میں 7ماہ کے بچے سمیت 4افراد جاں بحق اور34زخمی ہو گئے ،تفصیلات کے مطابق سوات ایکسپریس وے پر اسماعیلہ کے قریب مسافر وین سڑک کنارے کھڑی بس کے ساتھ پیچھے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 6زخمی ہوئے ، مسافر بس کراچی سے بونیر جبکہ وین پنڈی سے دیر جا رہی تھی، ابتدائی اطلاعات  کے مطابق حادثہ وین ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا،ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے ،دوسرے حادثے میں ڈیرہ سے لاہور جانے والی بس کو کوٹلہ جام بھکر کے قریب حادثہ پیش آ گیا جس سے 7ماہ کا بچہ اور خاتون جاں بحق، 32افراد زخمی ہو گئے ۔ڈیرہ اسماعیل خان سے بی بی پاک دامن لاہور جانے والے عزاداروں کے قافلے کی بس ضلع بھکر کے علاقہ کوٹلہ جام کے قریب ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کا تعلق گائو ں روشن اور خاتون کا تعلق گائو ں فتح سے ہے ، زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بھکر منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد واپس ڈیرہ روانہ کردیاگیا، بوریوالا کے علاقہ مانا موڑ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹرسائیکل رکشہ میں سوار 2افراد جاں بحق، دو شدید زخمی ہوگئے ۔ ٹریکٹر ٹرالی کاڈرائیور ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جارہا تھا کہ موٹر سائیکل رکشہ سے ٹکرا گیا، 12 سالہ علی حمزہ اور سکینہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ریشم علی اور شہناز شدید زخمی ہوئے ۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، بلوچستان کے ضلع قلات میں ٹریفک حادثے میں دو بچوں اور دو خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق،دوزخمی ہوگئے ، بد قسمت خاندان کار پر کراچی سے پشین عید منانے کے لئے جارہا تھا قلات مین آر سی ڈی شاہراہ پر کار اور پک اپ میں ٹکر ہو گئی ، کار سوار 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ،پک اپ کا ڈرائیور اور ساتھی شدید زخمی ہوگئے جاں بحق افراد میں امجد،حاجی ایوب، بی بی سلمیٰ،عارفہ اور دو بچے شامل ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں