شانگلہ :طوفانی بارش ، ژالہ باری ،فصلیں، سبزیاں ،باغات تباہ
سندھ میں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان، 31مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم و خشک ر ہنے کاامکان
لاہور، شانگلہ،کراچی(نیوز ایجنسیاں)خیبر پختونخوامیں شانگلہ کے علاقوں میں اچانک طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری سے فصلوں، باغات اور درختوں کو سخت نقصان پہنچا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔پیر کے روز شانگلہ کے بالائی اور نشیبی علاقوں میں اچانک تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری سے کھڑی فصلوں، سبزیوں اور پھلدار باغات کو نقصان پہنچا ۔شدید بارش سے مقامی ندی نالوں، چشموں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا اور کئی روز سے جاری گرمی کی شدت میں نمایاں کمی پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ بالائی علاقوں میں سردی کی لہر پر لوگوں نے دوبارہ گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہا۔گزشتہ روز لاہور کا کم از کم درجہ حرارت 27اور زیادہ سے زیادہ41سینٹی گریڈرہا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان ہے اورخبردار کیا ہے کہ صوبے کی بالائی فضا میں موجود ہائی پریشر ایریا مزید طاقتور ہونے سے بیشتر اضلاع میں 31 مئی تک درمیانی سے شدید ہیٹ ویو برقرار رہ سکتی ہے ۔سکھر، لاڑکانہ، دادو سمیت مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کاامکان ہے ۔محکمے نے عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔