پنکی کی ویڈیو لنک پیشی کی اجازت مانگنے پرسپرنٹنڈنٹ طلب

پنکی کی ویڈیو لنک پیشی کی اجازت مانگنے پرسپرنٹنڈنٹ طلب

مقدمے کا ٹرائل شروع نہیں ہوا تو درخواست کی ضرورت کیوں،عدالت ملزمہ ہائی پروفائل،عدالت میں پیش کرنا سکیورٹی کیلئے خطرہ بن سکتا،موقف

کراچی (سٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی اجازت طلب کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وومن جیل کی سپرنٹنڈنٹ کو طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ابھی مقدمے کا ٹرائل شروع نہیں ہوا تو ایسی درخواست کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل فار وویمن کی جانب سے گارڈن اور درخشاں میں درج مقدمات میں رپورٹ پیش کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمہ انمول عرف پنکی ہائی پروفائل ہے اور اسے عدالت میں پیش کرنا عوام، سیکیورٹی اداروں اور خود ملزمہ کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پیشی کے موقع پر سٹی کورٹ میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے ، اس لیے ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے ستمبر 2025 میں ملزمان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی سے متعلق ہدایات جاری کی تھیں جبکہ عدالتی کارروائی میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق گائیڈ لائنز اور آرڈرز بھی نافذ العمل ہیں تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ عدالت نے وومن جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یکم جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ پیش ہوکر وضاحت دیں کہ ویڈیو لنک پر پیشی کی درخواست کیوں دائر کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں