بجٹ :حکومتی کارکردگی تشویشناک ہے: نوید قمر
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین نوید قمر نے بجٹ تیاریوں اور معاشی اصلاحات پر حکومتی کارکردگی تشویشناک قرار دے دی۔
حکمران جماعت کی اتحادی پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ بالواسطہ ٹیکسوں اور پٹرولیم لیوی پر انحصار خطرناک رجحان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے بجائے عوام پر مسلسل اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے ، ایف بی آر 10 ماہ میں 680 ارب روپے سے زائد ٹیکس شارٹ فال پورا نہ کرسکا۔نوید قمر نے یہ بھی کہا کہ حکومت 10 مئی تک بجٹ اسٹرٹیجی پیپر جاری کرنے میں ناکام رہی۔نمائندہ ایف بی آر نے کمیٹی کو بتایا کہ بجٹ 27-2026 میں پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس میں کمی کا امکان ہے ، مختلف شہروں میں پراپرٹی ویلیوایشن ریٹس کم کیے جاچکے ہیں۔